اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے فیصلوں سے میڈیا انڈسٹری متاثر ہوئی، اب سرکاری اشتہارات میرٹ کے تحت دئیے جائیں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیرِ صدارت میڈیا امور سے متعلق ایک اہم جلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے بریفنگ دی، اجلاس میں صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد اس میں ہونے والے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران نے میڈیا ہاؤسز کے بقایا جات کی فوری ادائیگی کی ہدایت کی ہے، ان ادائیگیوں کا فیصلہ انتہائی اہم ہے کیونکہ اس سے میڈیا انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ ادائیگیوں کے نتیجے میں میڈیا ورکرز کو نکالنے کا سلسلہ روکنے میں مدد ملے گی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے اشتہارات کو سیاسی آلہ کار کے طور پر استعمال کیا جس سے میڈیا انڈسٹری متاثر ہوئی لیکن ہم اشتہارات کے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے کے حق میں نہیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم اشتہارات پر حکومتی کنٹرول کو ختم کر رہے ہیں، ہم اشتہارات کی پالیسی میں توازن لے کر آئیں گے اور اس کے اجرا کے لیے میرٹ پر مبنی پالیسی بنا رہے ہیں۔