سعودی مالیاتی پیکج تاخیر کا شکار، وزارت خزانہ پیپر ورک ہی مکمل نہ کر سکی

Last Updated On 14 November,2018 03:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے مالیاتی پیکج تاخیر کا شکار ہے، وزارت خزانہ پیکج کے لیے پیپر ورک ہی مکمل نہ کرسکی، پیپر ورک مکمل ہونے پر ہی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ملے گی، سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر کا پیکج دینے کا وعدہ کیا تھا۔

وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے ثمرات تاحال نہ مل سکے، سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر کی منتقلی معلق ہو کر رہ گئی۔ ذرائع کے مطابق، وزارت خزانہ پیکج کے لیے پیپر ورک ہی مکمل نہ کرسکی، افسران کے دورہ چین کی وجہ سے پیپر ورک مکمل نہ ہوسکا، پیپر ورک مکمل ہونے پر ہی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط ملے گی۔

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں رکھنے کے لیے 3 ارب ڈالر دینا ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کو 3 سال تک ادھار تیل بھی دینا ہے۔

 یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں مختلف معاہدوں پر اتفاق ہوا تھا جس میں سعودی عرب نے ایک سال کے لیے پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہم کرنا تھے، اس کے علاوہ پاکستان کو تین ارب ڈالرز مالیت سالانہ کے حساب سے تین سال کے لئے تیل بھی ادھار پر دے گا، پاکستان کو ہر ایک سال کے بعد ادائیگی کرنا ہو گی جبکہ تین سال کے بعد اس معاہدے پر نظرثانی کی جائے گی۔

Advertisement