اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے دوران بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 26 کوئٹہ سے افغان شہری احمد علی کا بطور ایم پی اے انتخاب کالعدم قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخاب کرانے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن میں بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 کوئٹہ سے مبینہ طور پر افغان شہری احمد علی کے منتخب ہونے کیخلاف مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے کی۔ درخواستگزار کے وکیل نے کہا کہ ہائیکورٹ بلوچستان کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔
ممبر سندھ عبدالغفارسومرو نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق احمد علی افغان شہری ہیں، پی بی 26 کا الیکشن کالعدم قراردیا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے مولانا ولی محمد ترابی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔
الیکشن کمیشن نے دوسرے نمبر پرآنے والے امیدوار کی الیکشن میں کامیاب قرار دینے کی درخواست بھی مسترد کردی۔ ممبر پنجاب نے ریمارکس دیے کہ جنہوں نے آپ کو ووٹ نہیں دیا ان پر آپ کو کیسے مسلط کیا جائے، قانون میں ایسی کوئی گنجائش نہیں کہ منتجب امیدوار کی نااہلی کے بعد رنر اپ کو کامیاب قرار دیا جائے۔