اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ایس پی طاہر خان داوڑ کے اسلام آباد سے اغوا اور افغانستان میں قتل کا معاملہ افغان حکومت کے سامنے اٹھانے کا مطالبہ کر دیا، بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ حکومت کا اس معاملے سے نمٹنے کا طریقہ ناقابل فہم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سینئر پولیس افسر کا اسلام آباد سے اغوا اور افغانستان میں قتل قابل تشویش ہے، ایک سینئر پولیس افسر کیسے اسلام آباد سے اغوا ہوا اور بلا روک ٹوک افغانستان منتقل کیا گیا؟ وفاقی حکومت نے ایس پی طاہر داوڑ کے اغوا کی خبر آتے ہی فوری طور پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کیوں نہ کی؟
بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے طاہر داوڑ کے اغوا کے واقعے کو غیر سنجیدہ لیا، ابھی بھی اس معاملے میں کئی جواب آنا باقی ہیں، پی ٹی آئی حکومت کو یہ معاملہ افغان حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح پر اٹھانا چاہیے، بجائے سیف سٹی پروجیکٹ پر الزام دھرنے کے حکومت نے اغوا کے معاملے کو سنجیدہ کیوں نہیں لیا؟
انہوں نے مطالبی کیا کہ حکومت بتائے کہ کیا وجہ ہے کہ طاہر داوڑ کے اغوا کے واقعہ کو اولیت نہیں دی گئی ؟ بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں، یہ کڑا وقت طاہر داوڑ کے خاندان اور پوری کی قوم کیلئے امتحان کی گھڑی ہے۔