اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی رہنما رضار بانی نے قومی احتساب کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا یکطرفہ احتساب نہیں چلے گا، کیا معاشرے میں سیاستدانوں کے علاوہ کوئی اور نہیں رہتا ؟۔
رضا ربانی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا احتساب کی بات کرنی ہے تو سب کا کریں، صرف سیاستدانوں کے احتساب کی بات کیوں کرتے ہیں ؟ کہا جاتا ہے کرپشن کی بات پر شور شرابہ ہوتا ہے ، صرف سیاستدان نہیں، بدقسمتی سے مجھ سمیت معاشرے کا ہر شخص کرپٹ ہے۔ انہوں نے کہا مشرف کابینہ کے لوگوں کو دیکھتا ہوں تو 12 مئی اور ان کا مکا لہرانا یاد آ جاتا ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے مزید کہا کل چیئرمین سینیٹ کیلئے فرمایا گیا کہ ہم دیکھ لیں گے، گزشتہ 4، 5 روز سے ایوان کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا چیئرمین کی رولنگ کے بعد ردعمل میں وزیراعظم کا نام بھی آگیا، میں نہیں سمجھتا وزیراعظم اس طرح سوچ سکتے ہیں، سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، ہم آئینی طور پر منتخب ہو کر آئے۔
سینیٹر رضار بانی کا کہنا تھا کہا گیا ہاؤس اور چیئرمین سینیٹ غیرمنتخب ہیں، کیا صادق سنجرانی پر انگلی اٹھانا مناسب ہے، کون کہتا ہے ہم بالواسطہ طور پر منتخب ہو کر آئے ؟ اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ پر کسی آمر کو بھی انگلی اٹھانے کی جرات نہیں تھی، آج چیئرمین سینٹ پر انگلی اٹھائی جاتی ہے، کیا یہ مناسب ہے؟۔