لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزہ کی شرط سے متعلق ایم او یوعمل میں لایا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا دونوں ملکوں کے مابین ویزہ کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے پر راضی ہوچکے ہیں تاہم اس معاہدے کا اطلاق صرف سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد اور سفارتی منصب دارافراد پر لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا تشریف لے گئے تھے۔ وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد سے ان کے دفتر میں ون ٹو ون ملاقات کی، وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تجارتی تعاون سمیت اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان اور ملائیشیا کے وزیراعظم نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ اس موقع پر ملائیشین وزیراعظم نے پاکستانی ہم منصب کی یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کر لی۔ملائشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کو ایک جیسے مسائل کا سامنا ہے، خزانہ، نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، دونوں ممالک میں مزید تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا ہے، مستقبل میں مذاکرات جاری رکھیں گے، مارچ 2019 میں پاکستان کا دورہ کروں گا۔
پاکستان اور ملائشیا کے درمیان ویزوں کے خاتمے کا بھی جزوی معاہدہ ہوا ہے۔ دورے کا مشترکہ اعلایہ بھی جاری ہوا ہے جس میں دہشتگردی کو کسی مذہب سے منسلک نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ دو طرفہ روابط بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے اور مسئلہ کشمیر کیلئے او آئی سی کا کردار بڑھانے پر دونوں رہنماوں نے اتفاق رائے کیا۔