اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن نے انتخابی دھاندلی الزامات کی تحقیقات کیلئے ٹی او آرز ذیلی کمیٹی کو پیش کر دیئے جبکہ حکومت نے ٹی اور آرز تجویز کرنے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔
انتخابی دھاندلی الزامات کی تحقیقات کے ٹی او آرز بنانے کیلئے ذیلی کمیٹی کا اجلاس شفقت محمود کے زیر صدارت ہوا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آرٹیکل 225 سے متعلق تحریری موقف دینے کی ضرورت نہیں، موقف واضح ہے کہ یہ آرٹیکل تحقیقات کی راہ میں رکاوٹ نہیں ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ ذیلی کمیٹی کے پاس دو ہفتے کا وقت تھا جو ختم ہو رہا ہے، حکومت سے جانب سے کوئی مسودہ پیش نہیں کیا گیا، حکومتی مثبت رویہ تب نظر آئے گا جب تحقیقات کا آغاز ہو جائے، حکومت اس ایشو پر اٹک گئی ہے کہ پارلیمنٹ کے پاس تحقیقات کا اختیار نہیں ہے۔
کمیٹی کے کنوینئر شفقت محمود نے کہا کہ اگر حکومت کا ارادہ اس عمل کو آگے بڑھانے کا نہ ہوتا تو آرٹیکل 225 پر رائے آئے بغیر آگے نہ بڑھتے، حکومت کی نیت صاف ہے، پی ٹی آئی حکومت نے پارلیمانی کمیٹی بنانے پر کبھی اعتراض نہیں کیا۔
حکومتی ارکان اپوزیشن کے دیئے گئے مسودے کا جائزہ لینے کے بعد 28 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں اپنا مسودہ پیش کرینگے۔