اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے کراچی میں چین کے قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئی بھی بیرونی طاقت پاک، چین دوستی پر اثر انداز نہیں ہو سکتی، کابینہ نے عارف عثمانی کو نیشنل بینک کا صدر تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں چینی قونصل خانے پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت کی گئی اور ملک دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم کیا گیا۔
میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ دہشتگرد پاک چین دوستی کو کمزور نہیں کر سکتے، دونوں ممالک کی دوستی کئی قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہی، شہید سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 28 نومبر کو نارووال میں کرتار پور بارڈر کھولنے کی تقریب میں شر کت کریں گے جبکہ نوجوت سنگھ سدھو بھی پاکستان آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکھ زائرین کو بغیر ویزے کے کرتارپور آنے جانے کی اجازت ہو گی۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کیساتھ امن چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب کشمیر کو بھولنا ہرگز نہیں ہے۔