اسلام آباد: (دنیا نیوز) بدعنوانی کے مقدمے میں گرفتار سابق ایم ڈی پی ٹی وی ڈاکٹر شاہد مسعود کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ اسلام آباد کی عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ملزم کی میڈیکل اور تفتیشی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ایف آئی اے نے ڈاکٹر شاہد مسعود کو اسلام آباد کے سینئر سول جج عامر عزیز خان کے روبرو پیش کیا۔ وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے 2 جعلی کمپنیوں کو غیر قانونی ادائیگیاں کیں اور بھاری رشوت وصول کی، مزید تفتیش کے لیے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ ملزم کے وکیل نے درخواست کی مخالفت کی اور بتایا کہ ایف آئی اے کو تمام ریکارڈ فراہم کیا جاچکا ہے۔
فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ پی ٹی وی کے سابق ایم ڈی شاہد مسعود اور سابق نیشنل مارکیٹنگ منیجر کاشف ربانی پر الزام ہے کہ انھوں نے پی ٹی وی کے لئے کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق خریدنے کے نام پر 2 جعلی کمپنیوں کو 3 کروڑ 70 لاکھ روپے ادا کئے۔ دونوں کمپنیوں نے رقم لینے کے باوجود پی سی بی کی بولی میں حصہ تک نہیں لیا، ان میں سے ایک کمپنی لاہور میں دیگیں پکانے کا کاروبار کرتی ہے۔