اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ چودھری نثار کو ان کے تکبر، ضد اور رعونت نے ہرایا، وہ اب پاکستان کی سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں۔
وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل غلام سرور خان نے چودھری نثار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مرتبہ ڈیل کر کے آنے والوں کی اس بار ڈیل نہ ہونے پر ڈینگیں دیدنی ہیں، چودھری نثار گھر اور گھاٹ کے درمیان کسی راستہ کی تلاش میں ہیں۔
غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ موصوف کا باوا آدم ہمیشہ سے ہی نرالا ہے، ووٹوں کے شمار کا خیال تین ماہ بعد کیوں آیا ہے؟ عوام اور اپنی جماعت دونوں سے دھتکارے جانے کا ملبہ پی ٹی آئی پر پھینکنے کی کوشش نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثار کو ان کے تکبر، ضد اور رعونت نے ہرایا ہے، ق لیگ ان کے پرانے اور دیرینہ دوستوں پر مشتمل تھی جن کے ساتھ وہ کام کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی ٹیم سے انہوں نے اشارہ اپنی طرف کیا ہے، چودھری نثار کا انٹرویو اشتہار برائے روزگار ہے، موصوف پہلے کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی، عوام نے انہیں وزیراعظم بنا دیا۔
غلام سرور خان نے کہا کہ موصوف بلا پکڑنا اسے سکھا رہے ہیں جس نے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد 2018ء کا عوامی کپ بھی جیت لیا، چودھری نثار اب پاکستان کی سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں۔