اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو گوشوارے دیر سے جمع کرانے پر جرمانہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔وزیرمملکت ریونیو حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے کو گوشوارے دیر سے جمع کرانے پر آڈٹ سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے پر یہ کیسز آڈٹ اور جرمانے کے لیے منتخب کیے گئے تھے جو گزشتہ حکومت کا اقدام تھا۔ حماد اظہر کے مطابق حکومت نے گوشوارے جمع کرانے والوں کو سہولیات دینے کا عزم کیا ہے ۔ ادھر ممبر آپریشنز ایف بی آر حبیب اللہ کے مطابقگوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی،ایف بی آر نے 14 نومبر کو تاخیر سے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والے 10 لاکھ سے زائد فائلرز کو آڈٹ نوٹس جاری کیے تھے۔