اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارت کو سی پیک میں شامل ہونے سے کس نے روکا ہے؟ بھارت سی پیک میں شامل ہو، ہم خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی سدھو کو ایک جپھی نے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے وزیر ہونے کے ناطے سی پیک کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں، بھارت کے ساتھ کھوکھراپار کی بات کی گئی ہے۔ روس بھی اگر سی پیک میں شامل ہونا چاہے تو خیر مقدم کریں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ روس کو گوادر تک ریلوے لنک آفر کیا ہے، مزار شریف، قندھار، وسط ایشیائی ریاستیں اور روس تک ہر جگہ ریلوے لنک کے لیئے تیار ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ روڈ بنانے سے زیاد اہم ریلوے ٹریک بنانا ہے، ہمارے پاس ریلوے نیٹ ورک کے بہت آپشنز موجود ہیں۔