اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چوروں نے بے دردی کے ساتھ ملک لوٹا، مہنگائی کم نہیں ہو گی۔ آصف زرادری پیدائشی طور پر جیل کا خام مال ہیں، این آر او کی کوشش صرف شہباز شریف کر رہے ہیں، ایک اقامے کا اکاؤنٹ سامنے آیا تو چیخیں نکل جائیں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن جتنا شور مچا لے، اس بار کوئی این آر او نہیں ملے گا، نئے سال میں چوروں کے خلاف جھاڑو پھرے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کی اصل کمائی مال بردار گاڑیاں ہیں، مزید گاڑیاں چلائیں گے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے سے گھوسٹ ملازمین کے خاتمے کے لئے بائیو میٹرک نظام لایا جا رہا ہے جبکہ ویجی لینس ملازمین کو دیگر محکموں میں ضم کر دیا گیا ہے۔