کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کر لی گئی، رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر دھماکے میں تین سو گرام تک بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر کہتے ہیں ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ فیصل سبزواری نے ایس ایس پی ایسٹ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا۔
کراچی میں پُرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دیسی ساختہ کریکر کی تیاری کیلئے تین سو گرام بارود اور پلاسٹک کین استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے مقام سے پلاسٹک کے ٹکڑے بھی ملے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات گئے ہونے والے دھماکے میں کریکر فٹ پاتھ کنارے پھٹا جس سے فٹ پاتھ ڈیڑھ فٹ ٹوٹ گیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی بم کے کسی سسٹم کے شواہد نہیں ملے۔ ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر نے کہا ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے محفل میلاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ فیصل سبزواری نے ایس ایس پی ایسٹ کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا ان کا بیان آگ لگانے والا ہے۔
پرفیوم چوک پر ایم کیو ایم پاکستان کے زیراہتمام محفل میلاد میں ہونیوالے دھماکے میں چھ افراد زخمی ہو ئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سیکیورٹی حکام نے جائے حادثہ کو کلیئر قرار دیکر پرفیوم چوک کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔