آصف زرداری، فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع

Last Updated On 10 December,2018 10:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) میگا منی لانڈرنگ سکینڈل کیس میں سابق صدر آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک توسیع کر دی گئی۔

 بینکنگ کورٹ میں سندھ میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف علی زرداری، فریال تالپور، نمرمجید اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ کمرہ عدالت میں آصف زرداری کے قریب جیالوں کا جم غفیر جمع ہوگیا جس پر عدالت نے غیر متعلقہ افراد کو پیچھے جانے کا حکم دیدیا جبکہ آصف علی زرداری، فریال تالپور، نمرمجید اور دیگر نے حاضری لگا دی۔

کمرہ عدالت میں آصف زرداری نے نمر مجید سے بھی ملاقات کی، رہنما پیپلزپارٹی نفیسہ شاہ بھی بینکنگ کورٹ پہنچی جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پانچویں دفعہ آصف زرداری اورفرالر تالپور پیش ہوئے، عمران خان کے خلاف نیب کا کیس ہے لیکن انہیں استشنی حاصل ہے، علیمہ خان بھی کہیں پیش نہیں ہوتیں، آصف زرداری، بلاول اور فرالگ تالپور کی پیشیاں ہوتی ہیں۔

نفیسہ شاہ نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے پاس انڈے اور مرغیوں کے علاوہ کوئی پالیسی نہیں جبکہ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی۔