راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغان مفاہمتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کے ساتھ ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے بہت اہم ہے، پاکستان خطہ میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔