اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے علی رضا عابدی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ گورنر و وزیراعلیٰ سندھ نے ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔ بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، وسیم اختر، مسلم لیگ ن، تحریک انصاف، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے علی رضا عابدی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلیٰ مراد شاہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار ہمددری کیا، دونوں نے ملزموں کی فوری گرفتار ی کا حکم بھی دیدیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا یہ کراچی میں امن و امان خراب کرنے کی سازش ہے، علی رضا عابدی کے اصل قاتلوں کو گرفتار کیا جائیگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے انکشاف کیا علی رضاعابدی کو کچھ دن پہلے اطلاع ملی کہ ان کی جان کوخطرہ ہے۔ کراچی میں بدامنی کی سازش کے پیچھے عناصر کو بے نقاب کرنا ہوگا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا تمام پارٹی کارکن شہید کے لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، میئرکراچی وسیم اختر اور رہنما جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھی قتل کی شدید مذمت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی علی رضا عابدی کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے دکھ کی گھڑی میں ایم کیو ایم اور علی رضا عابدی کے خاندان کے ساتھ ہیں۔