اسلام آباد: (دنیا نیوز) برادر ملک مدد کو آ گیا، چین پاکستان کو دو ارب ڈالر قرض دے گا، فنانشل ٹائمز کی رپورٹ، بیرونی ادائیگیوں کے دباو میں کمی کا امکان ہے۔
عالمی جریدے فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چین پاکستان کو 2 ارب ڈالر قرض دے گا، چین کی رقم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، عالمی جریدہ رقم سے روپے کی قدر کو سہارا ملے گا اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی ہو گئی۔
دوسری جانب یاد رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بھی پاکستان کو وعدے کے مطابق دو ارب ڈالرز موصول ہو چکے ہیں، سعودی عرب کے پیکج کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی تیسری قسط جنوری کے وسط میں ادا کی جائے گی۔
سعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج ملنے کے بعد پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ کے دوران سعودی عرب نے پاکستان کو تین ارب ڈالر اور ہر سال تین ارب ڈالر کا تیل فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے دی جانے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا جب کہ پاکستانی کرنسی بھی مستحکم ہو گی۔
بین الاقوامی جریدے فنانشنل ٹائمز کے مطابق اب چین کی جانب سے ملنے والی مالی معاونت اس بات کا ثبوت ہے کہ چین پاکستان کو موجودہ مالیاتی مسائل سے نمٹنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔
غیر ملکی ادائیگیوں کے زور کے باعث گزشتہ سال روپے کی قدر میں 26 فیصد گراوٹ واقع ہوئی ہے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 6 ارب ڈالر کم ہو کر 14 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت پاکستان کی مالی مدد کرنے اعلان کر چکے ہیں اور رقم اقساط میں پاکستان کو مل رہی ہے۔ مجموعی طور پر تینوں ممالک سے پاکستان مجموعی طور پر نقد 8 ارب ڈالر کا بندوبست کر چکا ہے۔