اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 2800 میگا واٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث شہروں میں 12 جبکہ دیہی علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 800 میگا واٹ ہے جن میں سے پن بجلی ذرائع سے 500 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2 ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، آئی پی پیز سے بجلی کی پیداوار 7ہزار 300 میگاواٹ ہے جب کہ طلب ساڑھے بارہ ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ ملک بھر میں شہری علاقوں میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ جب کہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
لیسکو، فیسکو، میپکو اور آئیسکو میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، دھند اورٹرپنگ کے باعث ٹرانسمیشن لائنز بجلی ترسیل کرنے میں ناکام ہیں جبکہ 500 کے وی کی ٹرانسمیشن لائنز مختلف مقامات سے ٹرپ کرگئیں، پاور ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بجلی کی پیداواری صورتحال بہتر ہوجائے گی۔