اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزیرمملکت داخلہ شہریار خان آفریدی نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے نادر آفریدی کے معاملے پر سوال کے جواب میں کہا کہ میرے والد نے 3 شادیاں کی اور میرا بہت بڑا خاندان ہے لیکن میرے گھر کے افراد ہوں یا کوئی دوسرا قانون سب پر لاگو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ہو جس نے میرے گھر کا پتہ دیا ہے، وہ قانون سے بالاتر نہیں، منشیات سمگلر رشتے دار ہوا تو مثالی سزا ملے گی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ قانون کے سامنے وزیر، مشیر یا تحریک انصاف کے کارکنان سب برابر ہیں اور کوئی وزیر ہو یا اس کا رشتہ دار قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔
واضح رہے کہ تھانہ جنڈ پولیس نے گیارہ دسمبر کو چیکنگ کے دوران گاڑی سے آدھا کلو چرس برآمد ہونے پر طلال نادر آفریدی اور اس کے دو ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔ ایف آئی آر میں طلال نادر آفریدی نے خود کو شہریار آفریدی کا بھتیجا ظاہر کرتے ہوئے اپنا حالیہ پتہ منسٹر کالونی اسلام آباد لکھوادیا تھا۔