ملتان: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کا کہنا ہے کہ پچھلی حکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی، عوام ابھی حکومت کو تھوڑا وقت دیں نیا پاکستان بن کر رہے گا۔
ملتان میں کاٹن سیمینار سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور نواز شریف پر کیس پہلے کے ہیں، ان کی اپنی کرپشن سامنے آ رہی ہے۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہے، سب سے پہلے سیکرٹریٹ ہم ہی بنا رہے ہیں۔ یکم جولائی سے سب سیکرٹریٹ کام شروع کر دے گا، اب بجٹ میں جنوبی پنجاب کا پیسہ باہر نہیں جائے گا جنوبی پنجاب میں ہی رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کپاس کے کاشتکاروں کو اولین ترجیح دیتی ہے، ایک وقت تھا جب کپاس کی فصل بھارت سے زیادہ تھی لیکن اب ہم پیچھے ہیں جس کو دوبارہ سے آگے لانے کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں۔