کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں سابق گورنر محمد زبیر کو مسلح کار سوار ملزمان کی جانب سے روکنے کا واقعہ، سابق گورنر کو واقعے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقہ پولیس سابق گورنر سندھ کی رہائشگاہ پہنچ گئی جبکہ مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر کے مطابق رات ساڑھے 11 بجے کے بعد اپنی اہلیہ کے ہمراہ گھر واپس آرہے تھے کہ صبا ایونیو کے قریب کار سوار تین ملزمان نے ان کی گاڑی کو روکا، گاڑی روکنے کے بعد مسلح ملزمان نے سابق گورنر سندھ پر اسلحہ تانا اور حملے کی کوشش کی۔ واقعے کی اطلاع کے بعد علاقہ پولیس سابق گورنر سندھ کی رہائشگاہ پہنچی اور واقعے سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
مختلف سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، دوسری جانب ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں مسلسل دو مہینے سے ہونے والے دہشتگردی کے واقعات سندھ پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔