اسلام آباد: (دنیا نیوز) العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس میں سزا کے خلاف نوازشریف کی اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کردی گئی، نوازشریف کی جانب سے متفرق درخواست ان کے وکیل خواجہ حارث نے جمع کروائی۔
اسلام آباد ہائیو رٹ میں نوازشریف کی سزا کے خلاف اپیل کی جلدسماعت کیلئے دائر متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوازشریف کے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہو رہے ہیں، جلد سماعت کیلئے تاریخ مقرر کی جائے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ 2 رکنی بنچ درخواست پر سماعت کر چکا ہے جب کہ سزا معطلی کی درخواست کی اصل اپیل کے ساتھ سماعت کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے اپیل سماعت کیلئے مقرر نہ ہونے پر نوازشریف کی درخواست ضمانت ملتوی کی تھی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو احتساب عدالت نے العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جس کے خلاف سابق نوازشریف نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔