اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے نیب کو شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کرنے کی اجازت دے دی، نیب آمدن سے زائد اثاثوں پر سابق وزیر اعلی سے تحقیقات کرے گا۔
نیب میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں سابق وزیراعلی شہباز شریف کے گرد ایک اور شکنجہ کسا گیا۔ نیب کو جیل کے اندر بھی شہباز شریف سے تحقیقات کرنے کی اجازت مل گئی۔ نیب نے عدالت سے سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے جیل میں تفتیش کے لیے درخواست دی تھی۔
احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے درخواست منطور کرتے ہوئے نیب کو تفتیش کی اجازت دے دی۔ نیب نے موقف اپنایا کہ شہباز شریف کے اثاثے زرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے اور اسی معاملے پر شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخلاف تحقیات بھی کر رہا ہے۔
نیب کا دعوی ہے کہ شہباز شریف کے اثاثوں کی تفصیلات حاصل کر لیں ہیں، نیب ذرائع کے مطابق موصول ریکارڈ میں 1997 سے 2004 تک کے تمام اکائونٹس کی تفصیل شامل ہے جب کہ نیب کو 2007 سے 2018 تک کے اکاؤنٹس اور جائیداد کا ریکارڈ بھی مل چکا ہے۔
ریکارڈ میں شہباز شریف کی ظاہر کردہ جائیداد، اکاؤنٹس اور زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔ شہباز شریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری 28 اکتوبر 2018 سے چل رہی ہے۔