اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کے ٹھیکیداروں کو ایک ارب روپے کی ادائیگیاں کرنے کا حکم دے دیا۔ کنٹریکٹرز کو کام بروقت اور معیار کے مطابق کرنے کا بیان حلفی اور بینک گارنٹی دینا ہو گی۔
ایک کنٹریکٹر کے وکیل شاہد حامد نےعدالت کو بتایا کہ ایل ڈی اے نے 60 کروڑ میرے موکل اور 40 کروڑ دوسرے ٹھیکیدار کو ادا کرنا ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا لوگوں نے اورنج ٹرین کے لئے بہت مشکلات جھیلی ہیں، ہم چاہتے ہیں منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل ہو، ٹھیکیدار بینک گارنٹی اور بیان حلفی دے دیں ان کو رقم کی ادائیگی ہو جائے گی، اگر کام معیار کے مطابق نہ ہوا ٹھیکیداروں پر جرمانہ ڈالیں گے۔
چیف جسٹس نے حکم دیا کہ ٹھیکیداروں کو ایک ارب روپے کی ادائیگیاں کی جائیں، پیر کو ایل ڈی اے چیک اور ٹھیکیدار بینک گارنٹی لے آئیں، نیب سے کہہ دیں گے کہ اس معاملے میں مداخلت نہ کرے، ایل ڈی اے کمرشلائزئشن کے حوالے سے جامع پلان بنا کر دے۔