میلبورن: (دنیا نیوز) آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پاکستانی قونصلیٹ پر کیمیکل حملہ کیا گیا ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے 2 پیکٹس کے ذریعے جان لیوا ایسبیسٹوس نامی کیمیکل بھجوایا گیا، پاکستانی قونصلیٹ کے عملے کا کیمیکل پیکٹ سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں پاکستانی قونصلیٹ بھی کیمیکل حملے کی زد میں آ گیا، پاکستانی قونصلیٹ میں انتہائی خطرناک کیمیکل کے 2 پیکٹ بھجوائے گئے، جن میں جان لیوا ایسبیسٹوس نامی کیمیکل موجود ہے۔ جس سے پاکستانی قونصلیٹ کےعملے کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی قونصلیٹ کو آسٹریلوی سکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا اور تابکاری سے بچاؤ کے ماہرین قونصل خانے میں پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی دفتر خارجہ اپنے قونصلیٹ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پیکٹ کے ذریعے بھارتی قونصل خانے میں بھی دھماکہ خیز مواد بھیجا گیا تھا۔