ملتان: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے علیحدہ سب سکیرٹریٹ قائم کیا جا رہا ہے، اس سکیرٹریٹ میں ایڈیشنل چیف سکیرٹری،ایڈیشنل آئی جی اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز تعینات کیے جائیں گے۔
ملتان سرکٹ ہاؤس میں تونسہ شریف اور ڈیرہ غازی خان سے آئے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے علیحدہ پبلک سروس کمیشن بھی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملتان اور میانوالی روڈ کو دو رویہ کیا جائے گا، تونسہ شریف مین کیڈٹ کالج کا قیام کریں گے، رود کوہیوں کا پانی سٹور کرنے کیلئے منصوبہ تیار کر لیا ہے، اب اس پانی سے فصلوں کو سیراب کیا جائے گا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کیلئے تونسہ شریف میں 63 نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ تونسہ شریف میں سیوریج کیلئے 50 کروڑ روپے مختص کیئے گئے ہیں۔