پاکستان اور عمان کی بحری افواج کی مشترکہ مشقیں، سینئر افسروں کا مشاہدہ

Last Updated On 18 January,2019 03:43 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان اور عمان کی بحری افواج کی مشقیں ہوئیں جس میں بحری جہاز اور آبدوز ایکشن میں نظر آئے، دونوں ممالک کی بحریہ کے سینئر افسر نے مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، پاک بحریہ اور عمان کی رائل بحریہ کے درمیان بحری مشقوں تمر الطیب کا انعقاد عمان کے پانیوں میں کیا گیا، جس میں عمان کی رائل بحریہ اور پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز، آبدوز، فاسٹ کرافٹ اٹیک میزائیل بوٹ، میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ نے حصہ لیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق، بحری مشقیں دو مرحلوں ہاربر فیز اور سی فیز پر مشتمل تھی، مشقوں کے دوران میری ٹائم سکیورٹی، فضاء و سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے کی مشقیں کی گئیں۔ مشقوں کے انعقاد کا مقصد مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافے کرنا اور میری ٹائم سکیورٹی کو یقنی بنانا ہے۔

دونوں ممالک کی بحریہ کے سینئر آفیسرز نے مشقوں کا مشاہدہ کیا، مشترکہ مشقوں کے انعقاد سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔