اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی اہم اتحادی جماعت ق لیگ نے کہا ہے کہ حالات خراب ہونے کی تمام ذمہ داری وزیراعظم عمران خان پر عائد ہوتی ہے جو آج تک اپنی ٹیم تک نہیں بنا سکے، تحریک انصاف کا یہی رویہ رہا تو ساتھ چلنا مشکل ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی نے اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ بات صرف صوبائی وزیر کو اختیار نہ ملنے کی نہیں، اتحادی جماعت ہوتے ہوئے بھی کسی معاملے پر مشاورت نہیں کی جاتی۔ اتحاد سے متعلق جو وعدے ہوئے تھے وہ پورے ہونے چاہیں۔
اجلاس میں تمام فیصلوں کا اختیار چودھری شجاعت کو دیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ لیگی قیادت وزیراعظم کی وطن واپسی پر ان سے ملاقات کر کے پارٹی موقف سے آگاہ کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو میں ق لیگ کے رہنما کامل علی آغا نے کہا کہ حالات خراب ہونے کی تمام ذمہ داری وزیراعظم عمران خان پر عائد ہوتی ہے۔
اجلاس میں سانحہ ساہیوال، مہنگائی اور جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کے خلاف قراردادیں بھی منظور کی گئیں۔ شرکا نے ساہیوال واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی اور آئندہ ایسے اقدامات روکنے کے لیے اقدامات کرے۔