اسلام آباد: (دنیا نیوز) دنیا میڈیا گروپ کی ایک اور کاوش کا حکومتی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپنا قمری کیلنڈر بنا کر کمال کر دیا ہے۔ ہمارے مطابق عید 5 جون بروز بدھ کو ہوگی۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے ہم نے قمری کیلنڈر تیار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کا بڑا کارنامہ،اب عید چاند دیکھنے کا انتظار نہیں کرنا پڑیگا
پروگرام کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرانی دوربین سے چاند دیکھنا حلال نئی دوربین سے دیکھنا حرام ہے؟ اس طریقے سے تو ملک میں ایک عید نہیں ہو سکتی۔ ملائیشیا، برونائی اور ترکی جیسے اسلامی ممالک اب قمری کیلنڈر پر فیصلہ کرتے ہیں۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ دنیا میڈیا گروپ نے تو کمال کر دیا، خود ہی تحقیق کر کے اپنا قمری کیلنڈر بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کی مفتیان کرام کو گردشِ چاند کا نظارہ کرنے کی دعوت
انہوں نے بتایا کہ قمری کیلنڈر پر سوشل میڈیا پر بہت اچھا فیڈ بیک مل رہا ہے۔ 21 فروری کو اسلامی نظریاتی کونسل اور اسی ہفتے کابینہ میں اس کو بھیجا جائے گا۔ فواد چودھری نے سوال اٹھایا کہ کیا ریاست کے اندر ریاستیں بنائی جا سکتی ہے؟ ہم یہی معاملہ کابینہ کے سامنے رکھیں گے۔
ایک اور بہت اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قمری کیلنڈر کے مطابق رواں سال 29 روزے ہونگے، یکم شوال کا چاند 4 جون کو نظر آئے اور اسی مناسبت سے مورخہ پانچ جون بروز بدھ کو عیدالفطر ہوگی۔
دنیا نیوز کی جانب سے جاری قمری کیلنڈر دیکھنے کیلئے یہاں کلک کریں