راولپنڈی: (دنیا نیوز) کسٹمز کورٹ نے ایان علی کی کرنسی اسمگلنگ کیس ختم، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے اور حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ عدالت نے 15 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
خصوصی عدالت کسٹمز کے جج ارشد بھٹہ نے ایان علی کی تینوں درخواستیں سماعت کے بعد مسترد کر دیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی سمگلنگ میں ملوث ہے، کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے، اگر ملزمہ 15 فروری کو پیش نہ ہوئی تو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع ہو گی۔
کرنسی سمگلنگ میں ملوث سپر ماڈل نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی استدعا کی تھی، جبکہ مستقل استثنیٰ اور بریت کی درخواستیں بھی دائر کی تھیں۔ عدالت نے گواہان کو بھی 15 فروری کو پیشی کے نوٹس جاری کر دیئے۔