اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں جاری بارش کا سلسلہ آج تھم جائے گا، بادل برسنے سے خنکی میں اضافہ ہوگیا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10 ریکارڈ کیا گیا۔ بٹگرام کی تحصیل الائی میں برفباری کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
ملک میں جاری بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا، بادل برسنے کا سلسلہ جمعرات کی شام تک جاری رہا۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی جس نے موسم مزید سرد بنا دیا۔ اسکردو، گلیات، پارا چنار، ناران، کالام، دیر بالا، کوہستان میں برفباری کے بعد راستے بند ہیں، برف کو سڑک سے ہٹانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بٹگرام کی تحصیل الائی میں برفباری کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، رابطہ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک میں جاری بارش کا سلسلہ آج تھم جائے گا، بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 10ریکارڈ کیا گیا۔ کالام، استور منفی 07، مالم جبہ منفی 05، ہنزہ، قلات منفی 04، مری منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اسلام آباد 6، لاہور7، فیصل آباد 10، ملتان 9، پشاور 7 اور کراچی میں 15 ریکارڈ کیا گیا۔