اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کا کہنا ہے سوات کا رہائشی پولیو ورکر عرفان قوم کا ہیرو ہے، عرفان انسداد پولیو مہم کے 2 لاکھ 60 ہزار ہیروز میں سے ہے۔
عمران خان نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا عرفان انتہائی سخت موسم میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پہنچا، عرفان کی وائرل ویڈیو نے اسے ہر ایک کیلئے قابل فخر بنا دیا، اسی جذبے سے ہم پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کا خواب پورا کرسکتے ہیں۔
Irfan is one of 260,000 heroes who reach out to children with polio vaccines in extreme weather conditions. His viral video has left every individual with a sense of awe & pride. This dedication is what will enable us to achieve our goal of a polio free nation #SalamPolioWorker pic.twitter.com/4wPBxIDUDz
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) January 31, 2019
یاد رہے گزشتہ روز عمران خان نے عرفان، لکی مروت سے تعلق رکھنے والے سکول ٹیچر احمد کمال کو پولیو مہم میں بہترین کارکردگی پر وزیراعظم ہاؤس بلا کر خراج تحسین پیش کیا، ملاقات میں عمران خان نے پولیو ورکرز کو قوم کے ہیرو قرار دیا۔
بہادر پولیو ورکرز نے موسم کو شکست دے دی۔ شدید برفباری میں گھر گھر پہنچ کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ عالمی دنیا کی جانب سے بھی پولیو رضا کاروں کے جذبے کی ستائش کی گئی۔ سوات کے پولیو ورکرز نے شدید برف باری کے باعث راستے بند ہونے کے باوجود پولیو مہم جاری رکھی۔ پولیو ورکرز نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔
پولیو ورکرز کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو پوری قوم سمیت عالمی دنیا نے بھی ان کے جذبے کو سراہا۔ پولیو کے لیے فنڈنگ کرنے والے ممالک نے کہا کہ انہیں یقین ہو چکا ہے کہ ان امداد کا استعمال بہترین طریقے سے ہو رہا ہے۔