اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ہوگا جس میں پاکستانی ویزہ پالیسی میں نرمی، قومی انسداد منشیات پالیسی 2018 اور حج پالیسی پلان 2019 پر غور کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس کل اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ وفاقی کابینہ 20 نکاتی ایجنڈے پرغور کرے گی، کابینہ کو پاکستانی ویزہ پالیسی میں نرمی سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، قومی انسداد منشیات پالیسی 2018 اور حج پالیسی پلان 2019 بھی پیش کیا جائے گا۔ مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات عشرت حسین غیرفعال سرکاری اداروں پر بریفنگ دیں گے۔
وزیراعظم یوتھ ٹریننگ اسکیم کے لئے تکنیکی اضافی گرانٹ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کھیلوں کے فروغ کیلئے معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی، پاک لیبیا ہولڈنگ کمپنی اور نیشنل انوسٹمنٹ ٹرسٹ کے ایم ڈیز کی تقرری کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔ کراچی انفراسٹر کچر ڈویلپمنٹ کمپنی کی مواصلات سے کابینہ ڈویژن کو منتقلی کی منظوری دی جائے گی۔
ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کے تقرر کیلئے قواعد و ضوابط کی منظوری دی جائے گی۔ سول ڈیفنس کو 31.44 ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ مختلف ممالک کیساتھ معاہدوں اور باہمی مفاہمت کی یاد داشتوں کی منظوری بھی دے گی۔