جمہوریت احتساب کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی: وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 27 January,2019 04:58 pm

میانوالی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف نے کوئی جدوجہد نہیں، بھائی کی وجہ سے آگے آئے، انہوں نے عثمان بزدار کے بارے میں گھٹیا زبان استعمال کی۔ نمل کالج کی کانووکیشن تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا جمہوریت احتساب کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی، انہوں نے اسمبلی میں بولنے کا موقع نہ دینے کا شکوہ بھی کیا۔

نمل یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چین میں 400 وزیروں کو جیلوں میں ڈالا گیا، انھوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک میں حکمرانوں سے ان کے مال کے بارے میں پوچھنے سے جمہوریت خطرے میں نہیں پڑتی، جب پاکستان میں جواب مانگو کہ پیسے کہاں سے بنائے تو یہ شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے عثمان بزدار کے بارے میں گھٹیا زبان استعمال کی، عثمان بزدار پنجاب کے سب سے بہترین وزیراعلیٰ ہوں گے کیونکہ ان کا مفاد پاکستان سے وابستہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ عثمان بزدار عوام کے پیسے سے اپنی فیکٹریاں نہیں بنائیں گے، ان میں عاجزی ہے، وہ ایسے ہسپتال بنائیں گے کہ لوگوں کو علاج کے لیے باہر نہ جانا پڑے اور تمام سہولیات ملک میں ہی میسر ہوں۔

وزیراعظم نے قومی اسمبلی اجلاس میں بولنے کا موقع نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف صرف اپنے بھائی کی وجہ سے آگے آئے، انہوں نے کوئی جدوجہد نہیں کی۔

 

Advertisement