اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، کابینہ کے اجلاس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ میں ادارہ جاتی اصلاحات کی پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے گی، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ 2010 میں ترامیم تجویز کرنے کی سمری پیش کی جائے گی، وزارت داخلہ آئینی پٹیشن نمبر 50 دوہزار تیرہ غور کے لیے پیش کرے گی، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے چیئر پرسن، وائس چیئرمین، یوتھ کونسلر کے استعفے پیش کیے جائیںگے۔
کابینہ اجلاس میں فیڈرل لینڈ کمیشن میں سینیئر ممبر کی تعیناتی کی سمری پیش کی جائے گی، بلوچستان اور لاہور کی پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی تشکیل نو پر غور کیا جائے گا، الیکٹرونک سرٹیفیکیشن ایگریڈیٹیشن کونسل کے ممبران کی ازسرنو تعیناتی کی جائے گی، پاکستان مورٹگیج ریفائنینس کمپنی لمیٹڈ کیلئے 58 کروڑ ڈالرکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین ایرا کی تعیناتی کی سمری بھی پیش کی جائے گی، کابینہ میں 15 جنوری 2019 کے ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔