دوحہ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے قطر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کی، ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال کے ذمہ داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی، جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں اقدام اٹھایا جائے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نظام کی اصلاح کریں گے تاکہ دوبارہ ایسا سانحہ پیش نہ آئے، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قطر کے پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان تمام برادر مسلم ممالک کے درمیان مثالی تعلقات کا خواہاں ہے۔
بعد ازاں وزیراعظم عمران خان دوحہ ایئر پورٹ سے ہوٹل پہنچے جہاں سے وہ قطری ہم منصب کے محل گئے جہاں ان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے قطر کے وزیراعظم عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ خیال رہے کہ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی ریاست قطر کے وزیر داخلہ بھی ہیں۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات خصوصاً اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔ قطری وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور اراکین وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔