ساہیوال واقعہ پر صدمہ، ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی: وزیراعظم

Last Updated On 20 January,2019 04:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ساہیوال واقعے میں متاثرہ بچوں کی دیکھ بھال ریاست کی جانب سے کرنے کا اعلان کر دیا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ واقعے پر ابھی تک صدمے کی کیفیت میں ہوں، افسوس ہے بچوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے والدین کو مرتے دیکھا۔

وزیراعظم نے ساہیوال واقعے سے متاثرہ خاندان کو ایک مرتبہ پھر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی یقین دہانی کروائی ہے، انھوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ملک کے ہر شہری کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، جے آئی ٹی رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی والدین ایسی صورتحال کے تصورسے پریشان ہوجائیں گے، ساہیوال واقعے پر تاحال صدمے کی کیفیت میں ہوں، افسوس ہے بچوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے والدین کو مرتے دیکھا۔ انھوں نے کہا کہ بچوں کی کفالت اب ریاست کرے گی۔


 

Advertisement