لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے میں حکومت کی بے حسی نظر آتی ہے، وزیراعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ مقتولین کو دہشت گرد کہنے والے وزرا سے استعفیٰ لیا جائے۔
،خورشید شاہ نے ساہیوال میں ہونے والے مبینہ آپریشن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ دہشتگردی ہے۔ ذمہ داروں کو ہرگز معافی نہیں ملنی چاہیے ایسی سخت کارروائی کی جائے کہ دوبارہ اس طرح کا واقعہ پیش نہ آ سکے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ وزیراعظم مقتولین کو دہشتگرد کہنے والے وزرا سے استعفیٰ لیں۔ عمران خان کو اس سانحے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے کیونکہ حکومتی بے حسی صاف نظر آتی ہے۔
خورشید دشاہ نے سوال اٹھایا کہ کیا بچے بھی دہشت گرد ہو سکتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ واقعہ افسوسناک اور پیش آنے والے حقائق سب کے سامنے ہیں تو پھر جے آئی ٹی بنانے کی کیا ضرورت ہے۔فوجی عدالتوں سے متعلق پی پی رہنما نے کہا کہ ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ہے، دہشتگردی کے دوران فوجی عدالتوں کو سپورٹ کیا اب امن قائم ہو چکا اور حکومت بھی طاقتور ہو چکی ہے۔