ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں جاں بحق افراد کے ورثا اوراہل علاقہ کا لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے مقدمے کے اندراج تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، ساہیوال بائی پاس کئی گھنٹے سے بند ہے. دوسری طرف ساہیوال میں سی ٹی ڈی کارروائی میں زخمی ہونیوالے تین بچے لاہور منتقل کر دیئے گئے۔
ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی مبینہ کارروائی میں ہلاکتوں کے معاملہ پر مظاہرین کے انتظامیہ سے مذاکرات ناکام ہو گئے، سی ٹی ڈی کی کارروائی میں جاں بحق افراد کے ورثا کا لاشیں رکھ کر احتجاج جاری ہے، احتجاج کے باعث ساہیوال بائی پاس پر ٹریفک کی روانی بند ہے۔
احتجاج میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے جن کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انصاف چاہیئے مظاہرین کا کہنا ہے ہمارے لوگ مارے گئے۔ جاں بحق افراد کے خلاف ہی دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جس تھانے کی حدود میں واقعہ پیش آیا وہیں مقدمہ درج ہونا چاہیے۔
ورثا نے مقدمے کے اندراج تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دوسری طرف ساہیوال میں سی ٹی ڈی کارروائی میں زخمی ہونیوالے تین بچے لاہور منتقل کردیئے گئے۔ زخمی بچوں کو جنرل ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے، عمیر، منیبہ اور ہادیہ کو سرکاری ایمبولنسز میں لاہور لایا گیا۔
زخمی عمیر کو ٹانگ میں گولی لگی تھی، منیبہ کا ہاتھ گاڑی کا شیشہ ٹوٹنے کی وجہ سے زخمی ہوا، ہادیہ کو جنرل ہسپتال پہنچنے کے بعد واپس گھر بھجوا دیا گیا۔