ساہیوال: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے تھانہ یوسف والا میں مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی ہے جس پر پولیس نے 16 پولیس اہلکاروں کے خلاف دفعات 302 اور 7 اے ٹی اے کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
لاہور ساہیوال بائی پاس پر مظاہرین اور انتظامیہ کے مابین ڈیڈ لاک 17 گھنٹے تک برقرار رہا۔ مظاہرین میتیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کر رہے تھے، ان کا مطالبہ تھا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
ساہیوال انتظامیہ نے بار بار مذاکرات ناکام ہونے پر بالآخر مقدمہ درج کرنےکا فیصلہ کیا، ڈی پی او ساہیوال نے فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جس پر تھانہ یوسف والا نے پرچے کا اندراج کر لیا۔ مقدمے میں 16 اہلکاروں کو ملوث قرار دیا گیا ہے جن میں 10 باوردی اور 6 وردی کے بغیر اہلکار شامل ہیں۔ پرچہ جاں بحق ہونے والے خلیل کے بھائی جلیل کی مدعیت میں دفعات 302 اور انسداد دہشتگردی 7 اے ٹی اے کے تحت درج کیا گیا ہے۔ اس دوران تھانے کے باہر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود رہی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتی رہی۔