لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) نے واقعے میں انسداد دہشتگردی ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران کو قصوروار ٹھہرا دیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق سانحہ ساہیوال پر قائم جے آئی ٹی کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی کے اعلیٰ افسران کو قصوروار ٹھہرا دیا ہے جس کے بعد ان کو عہدے سے ہٹانے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی کی ابتدائی رپورٹ جلد تیار کر کے اعلی حکومتی عہدیداروں کے حوالے کر دی جائے گی۔
یاد رہے کہ حکومت پنجاب نے سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کو ذمہ داری سونپی ہے جو تین دن کے اندر اپنی رپورٹ مرتب کرے گی۔
ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم میں دو ممبران کا اضافہ کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی میں ڈی ایس پی انویسٹی گیشن پنجاب خالد اللہ بخش اور ایس ڈی پی او ساہیوال فلک شیر بھی ممبر ہونگے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان دونوں نئے اراکین میں سے ایک رپورٹ مکمل کر کے پیش کرے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے جے آئی ٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔