وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال پر عوامی ردعمل درست قرار دیدیا

Last Updated On 21 January,2019 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے سانحہ ساہیوال پر عوام کے سخت ردعمل کو بالکل درست قراردے دیا، وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں دورہ قطرسے واپسی پر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔

وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سانحہ ساہیوال پر عوام کا ردعمل اور دکھ سمجھ سکتا ہوں، عوام کا سخت ردعمل بالکل درست ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے ڈھانچے میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جلد ہی  اصلاحات کا آغاز کیا جائے گا۔

عمران خان نے یقین دلایا کہ قطر کے دورے سے واپسی پر ملزمان کو قرار واقعی سزا دلواوں گا۔ پنجاب حکومت کے بعض اقدامات سے بھی وزیراعظم نالاں ہیں۔ انھوں نے وزرا کی ٹیم کی بغیر تحقیقات بیان بازی پر بھی اظہار ناپسندیدگی کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزرا تحقیقات سے پہلے میدان میں کیوں کود پڑے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پولیس کو ایسا اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے لاقانونیت کا پہلو اجاگر ہو، انھوں نے واضح کیا کہ حکومت قانون کی حکمرانی اورشہریوں کا تحفظ چاہتی ہے، کسی ادارے کے لاقانونیت پر مبنی قدم کا دفاع نہیں کرسکتے۔

 

Advertisement