ساہیوال: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال پر ملک کی فضا سوگوار ہے، مقتول خلیل کے گھر تعزیت کرنے والوں کا تانتا رہا۔
ادھر سانحہ ساہیوال پر ڈسٹرکٹ بار اسلام آباد کی جانب سے آج ہڑتال ہے، وکلا نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جس سے سائلین مشکلات سے دوچار ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی میں بھی وکلاء عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
پشاورہائیکورٹ بارسمیت ڈسٹرکٹ بار کی بھی ساہیوال واقعے پر ہڑتال ہے جس کی وجہ سے عدالتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ خیبرپختونخوا بار کونسل نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اٹک میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں وکلا نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا، ساہیوال واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ رحیم یار خان میں بھی سانحہ ساہیوال کے خلاف ڈسٹرکٹ بارایسوی ایشن میں وکلا نے ہڑتال کی، ہڑتال کے باعث سائلین کو مشکلات کا سامنا رہا۔