اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست مسترد کر دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ درخواست گزار حافظ احتشام کا موقف تھا کہ عمران خان ٹیریان وائٹ کے والد ہیں، انھوں نے بچی سے متعلق اپنا تعلق چھپایا۔ عمران خان آئین کی شق 62 ون ایف پر پورا نہیں اترتے لہذا انھیں نا اہل قرار دیا جائے۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ کسی کی ذاتی زندگی پرالزام مت لگائیں،انھوں نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے آئین کی شق مکمل پڑھی ہے، اسلام کسی کی ذاتی زندگی پرپردہ ڈالنے کاحکم دیتاہے۔ عدالت نےعمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔