دوحہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا دوحہ میں دیوان امیری آمد پر شاندار استقبال اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، دیوان امیری پہنچنے پر امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثابی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز دو روزہ دورہ پر قطر پہنچے، ائیرپورٹ پرقطر کے نائب وزیرِ خارجہ سلطان بن سعد نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی قطر کے ہم منصب عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی سے دوحہ میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی، ملاقات میں قطر کے وزیر داخلہ اور پاکستانی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی زلفی بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے توانائی ندیم بابر ،سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، قطر میں پاکستانی سفیر سید احسن رضا شاہ بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات خصوصا اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا، قطری وزیراعظم نے عمران خان اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
قبل ازیں ائیرپورٹ پرصحافیوں سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دورہ قطر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، قطر اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ ہم تمام برادر مسلم ممالک سے مثالی تعلقات کے خواہاں ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں دینے سے متعلق معاہدہ بھی ہوگا۔ وزیراعظم قطر میں مقیم پاکستانی برادری سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق قطر کی جانب سے پاکستان کو فروخت کی جانے والی ایل این جی کی مقرر کردہ قیمت میں کمی پر بات چیت سمیت اہم معاہدوں پردستخط کا امکان ہے ۔