پنجاب پولیس میں فوری اصلاحات کی جائیں، وزیراعظم عمران خان کی ہدایت

Last Updated On 24 January,2019 10:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہدایت جاری کی ہیں کہ پنجاب پولیس میں فوری اصلاحات کی جائیں، ہمیں پولیس کا کلچر تبدیل کرنا ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ سمیت اہم حکام نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی اور تحقیقات میں اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد ساہیوال میں متاثرہ خاندان کے پاس پہنچا اور ملوث سی ٹی ڈی افسران کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

عثمان بزدار نے پنجاب پولیس میں اصلاحات پر بھی وزیراعظم عمران خان کو اپنی سفارشات پیش کیں جبکہ آئی جی پنجاب نے واقعے کے بعد پولیس کے نئے ایس او پیز پر وزیراعظم کو بریف کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت جاری کیں کہ پنجاب پولیس میں فوری اصلاحات کی جائیں، ہمیں پولیس کا کلچر تبدیل کرنا ہو گا، خیبر پختونخوا پولیس میں اصلاحات کے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا وزیراعظم کی صدارت میں پنجاب پولیس اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ساہیوال واقعہ پرفوری انصاف فراہم کرنے اور ملوث افراد کے چالان عدالت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کی طرز پر پنجاب میں پولیس ایکٹ لا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 100 پولیس سٹیشنز کو ماڈل بنایا جائے گا۔
 

Advertisement