سانحہ ساہیوال، متاثرہ گاڑی پر 52 گولیوں کے نشانات موجود

Last Updated On 24 January,2019 08:35 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے واقعہ میں متاثرہ گاڑی کا معائنہ کیا جس سے گولیوں کے 52 خول اکھٹے کئے گئے، 46 گولیاں ایس ایم جی اور 6 گولیاں نائن ایم ایم سے فائر کی گئی تھیں۔

سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹیم ساہیوال پہنچی جہاں مزید عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے گئے۔ جے آئی ٹی اراکین نے جاۓ وقوعہ کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور گولیوں سے چھلنی متاثرہ گاڑی کا بھی معائنہ کیا۔ جے آئی ٹی کی آمد کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے، آر پی او ساہیوال شارق کمال بھی جاۓ وقوعہ کا جائزہ لینے موقع پر آئے۔

قبل ازیں سانحہ ساہیوال میں ملوث سی ٹی ڈی اہلکاروں کو تھانہ نورشاہ منتقل کر دیا گیا تھا، تھانے کے گرد بھاری نفری تعینات ہے۔ متاثرہ گاڑی کو بھی کرائم سین سے تھانہ یوسف والا منتقل کر دیا گیا۔