سانحہ ساہیوال مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، فیاض الحسن چوہان

Last Updated On 23 January,2019 09:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ترجمان پنجاب حکومت صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، جو لوگ اس میں ملوث ہیں انہیں سزا دی جائے گی جبکہ ایڈیشنل چیف سکریٹری نے بھی آپریشن کو مکمل طور پر غلط قرار دے دیا۔

ایوان وزیراعلیٰ میں سانحہ ساہیوال پر میڈیا کو ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے واضع کیا کہ آپریشن مکمل طور پر غلط پلاننگ کا نتیجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو اہلکار اس میں ملوث ہیں سزا سے نہیں بچ سکیں گے، شہید ہونے والے خاندان کو انصاف ملے گا۔ بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ فضیل اصغر نے خلیل کے خاندان کو شہید قرار دیا اور اقرار کیا کہ سانحہ ساہیوال تمام متعلقہ اداروں کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے ہوا۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں تھا کہ کار میں بچے اور خواتین موجود ہیں۔

فضیل اصغر نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ذیشان کا تعلق اس وقت ثابت ہوا جب اس کے فون سے معلومات ملیں، جس دن ذیشان مارا گیا، اس دن سے پہلے کسی دہشت گرد تنظیم سے رابطہ تھا، یہ معلوم نہیں تھا۔

فضیل اصغر کا کہنا تھا کہ کار کو روکنے کا طریقہ کار ہی غلط تھا۔ ذیشان کا تعلق افغانستان سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے تھا جو اسے مختلف اوقات میں رابطے بھی کرتے رہے۔

بریفنگ کے دوران فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مارے جانے والے دہشت گردوں کے بارے سلائیڈز بھی دکھائیں گئیں۔