سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ مستعفیٰ ہوں، رانا ثنا اللہ

Last Updated On 23 January,2019 08:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے جاہلانہ موقف کو کسی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت تین دن بعد بھی ساہیوال واقعہ میں جاں بحق مقتول ذیشان کا دہشت گردوں سے تعلق جوڑنے میں کامیاب نہیں ہو سکی، ذیشان پہلا دہشتگرد ہو گا جس کا تعلق دہشتگردوں سے 3 دن سے جوڑنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ساہیوال واقعے پر ہم جے آئی ٹی ڈرامے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ حکومت نے جے آئی ٹی بنا کر ذمہ داروں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔ حکومت کا موقف ہے کہ ساہیوال واقعے میں مرنے والے بے قصور تھے جبکہ مارنے کا عمل درست ہے۔ حکومت کے جاہلانہ موقف کو کسی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔

طاہر القادری اور عمران خان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر تحقیقات کا بائیکاٹ کیا اور کہتے تھے کہ کہ گولیاں مارنے کا حکم اوپر سے آتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ہمیشہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کو سیاسی بنایا اور حکومت گرانے کیلئے استعمال کیا۔

 

Advertisement